لاہور میں قتل ہونے والی برطانیہ پلٹ لڑکی سے زیادتی ثابت نہیں ہوئی

وقت اشاعت :20مئی2021

علی نقوی ، سپر لیڈ نیوز ، لاہور۔  لاہور میں قتل ہونے والی برطانیہ پلٹ لڑکی سے زیادتی ثابت نہیں ہوئی ، پولیس نے مقدمے میں  نامزد ملزم سعد امیر بٹ کو گرفتار کرلیا۔ مقتولہ مائرہ کی پوسٹمارٹم رپورٹ بھی آ گئی ۔

سپر لیڈ نیوزکے مطابق لاہور میں مائرہ قتل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے ۔  مقدمے میں نامزد ملزم سعد امیر بٹ  پولیس کے ہاتھ لگ گیا۔ مقدمے میں دوسرا نامزد ملزم ظاہر جدون عبوری ضمانت پر ہے ۔  پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق  مائرہ  کے چہرے اور گردن پر  دو فائر مارے گئے۔ گردن پر پھندے کا نشان بھی  پایا گیا۔ رپورٹ کے مطابق قتل سے پہلے زیادتی نہیں کی گئی ۔

قاتل نے مائرہ کو تشدد کر کے قتل کیا۔ بال کھینچنے سے سر پر بھی سوجن پائی گئی جبکہ کپڑوں  سے سر کے ٹوٹے ہوئے بال بھی  ملے۔ پولیس  کا کہنا ہے کہ  تحقیقات آگے بڑھ رہی ہیں ۔ جلد حقائق سامنے آجائیں گے ۔ واضح رہے کہ لاہور کے علاقے ڈیفنس میں دو ہفتے قبل مائرہ نامی لڑکی کی لاش برآمد ہوئی تھی ۔

مائرہ برطانیہ سے آئی تھی اور اپنی ایک دوست کے ساتھ کرائے کے فلیٹ میں رہائش پذیر تھی ۔ لڑکی کے چچا کے مطابق دونوں نامزد ملزم مائرہ سے شادی کرنا چاہتے تھے اور اسے دھمکیاں بھی دے رہے تھے۔ مائرہ نے اپنی زندگی کو درپیش خطرات کے باعث پولیس کو درخواست بھی دی تھی ۔دوسری جانب فلیٹ میں رہائش پذیر مائرہ کی دوست نے پولیس کو ریکارڈ کرائے گئے بیان میں انکشاف کیا کہ قتل کی رات مائرہ انہی دو لڑکوں کے ساتھ تھی ۔ تینوں رات گئے تک فلیٹ میں آئے جس کے بعد مائرہ اپنے کمرے میں چلی گئی ۔