دلیپ کمارکے انتقال پر پاکستان بھر سے تعزیت ، پشاور میں آبائی گھر کے باہر شمعیں روشن

وقت اشاعت :7جولائی2021

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، ممبئی ۔ دلیپ کمارکے انتقال پر پاکستان بھر سے تعزیت ، پشاور میں آبائی گھر کے باہر شمعیں روشن  کی گئیں ۔ لیجنڈ کو ممبئی کے جوہو قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

سپر لیڈ نیوز کے مطابق لیجنڈ اداکار دلیپ کمار 98 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ۔ وہ سانس کے عارضے میں مبتلا تھے ۔ ان کے سفر آخرت میں عزیز و اقارب،مداحوں ،فلمی اور اہم شخصیات نے شرکت کی ۔دلیپ کمار کو ممبئی کے پوش علاقے  جوہوکے  قبرستان میں  سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ قبرستان کے باہر بھی مداحوں کا ہجوم امڈ آیا۔ کورونا ایس او پیز کی و جہ سے  مداحوں کو قبرستان کے اندر جانے کی اجازت نہیں ملی ۔ لوگ میت کی ایک جھلک دیکھنے کو بے تاب رہے ۔

دلیپ کمار کو حکومت پاکستان نے 1998 میں نشان پاکستان سے نوازا۔ پشاور کے قصہ خوانی بازار   میں ان  کے بچپن  کی یاد یں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔دلیپ کمار  1922 میں پشاور میں پیدا ہوئے۔ 1988 میں  آبائی گھر کا دورہ کیا۔ پشاور کے ذکر  پر  تڑپ اٹھتے تھے ۔ جب کوئی پاکستانی ان کے آبائی گھر کی تصاویر کے ساتھ ٹویٹر پر انہیں ٹیگ کرتا تو وہ خوشی کا اظہار کرتے  ۔ عظیم اداکار کی آبائی رہائش گاہ  کوخیبرپختونخوا حکومت نے قومی ورثہ قراردیتے ہوئے خرید  لیا تھا۔جہاں میوزیم بنایا جائے گا۔پشاور کے شہری بھی افسردہ  دکھائی دیئے ۔  غائبانہ نمازجنازہ بھی ادا کی گئی ۔  ان کے آبائی گھر کے باہر شمعیں بھی روشن کی گئیں ۔

صدر، وزیراعظم ، اپوزیشن لیڈر ، سیاسی رہنماؤں کا اظہار افسوس

دلیپ کمار کی وفات کی خبر سنتے ہی پاکستان بھر سے تعزیت کا سلسلہ شروع ہو گیا جو اب تک جاری ہے ۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا دلیپ کما ر  کی سخاوت ہمیشہ یاد رہے گی ۔انہوں نے کہا کہ وہ   شوکت خانم  اسپتال  کےلیے فنڈز اکٹھا  کرنے میں مدد  پر  انہیں کبھی بھول نہیں سکتے۔ دلیپ کمار کی موجودگی  سے  لندن اور پاکستان میں کافی رقم جمع ہوئی۔دلیپ کمار  بھی  عمران خان کے کرکٹ کیریئر اور خیراتی کاموں کے معترف رہے۔سینیٹر  فیصل جاوید نے   وزیراعظم عمران خان اور دلیپ کمار کی  مختلف  مواقعوں کی یادگار تصاویر جاری کردیں۔ گورنر پنجاب چودھری سرور نے  بھی دلیپ کمار کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کردی۔شہباز شریف نے بھی وفات پر افسوس کا اظہار کیا۔