افغانستان کا اسلام آباد میں امن کانفرنس کا بائیکاٹ ، آخری مراحل میں سمٹ ملتوی

وقت اشاعت :17جولائی2021

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔ افغانستان کا اسلام آباد میں امن کانفرنس  کا بائیکاٹ ، آخری مراحل میں سمٹ ملتوی کرنا پڑ گیا۔

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق اسلام آباد میں 17سے 19جولائی کو ہونے والی کانفرنس ملتوی کر دی گئی ہے ۔ یہ کانفرنس افغان امن عمل  کے تناظر میں بلائی گئی تھی جس افغان قیادت نے پہلے شرکت کی حامی بھر لی تھی ۔ وزیراعظم عمران خان نے صدر اشرف غنی کو ٹیلی فونک رابطے میں باضابطہ  کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی تھی ۔

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے ذرائع کے مطابق آخری مراحل میں کانفرنس ملتوی کر دی گئی ۔ اس سلسلے میں تمام انتظامات مکمل کئے جا چکے تھے ۔سکیورٹی معاملات اورذمہ داریاں تک بانٹ دی گئی تھیں ۔  کانفرنس ملتوی ہونے کی وجہ افغان قیادت کا دو ٹوک جواب تھا۔ جمعہ کی رات افغان سفارتی حلقوں نے کانفرنس میں شرکت سے معذرت کر لی ۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ کانفرنس میں افغان طالبان کو دعوت نہیں دی گئی تھی جبکہ دیگرمندوبین میں بھی کچھ شخصیات نے زیادہ لچک نہیں دکھائی ۔ یوں مہمانوں کی کم تعداد کے باعث کانفرنس ملتوی کی گئی ۔ واضح رہے کہ پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے 17سے 19جولائی کو افغان امن کانفرنس کی اطلاع دی تھی ۔ترجمان کے نئے بیان کے مطابق کانفرنس عید کے بعد تک ملتوی کر دی گئی ہے ۔ نئی تاریخ کا اعلان بعدمیں کیا جائے گا۔