برطانوی ویزا میں توسیع کی درخواست مسترد ہونے پر نواز ، شہباز کی طویل مشاورت

وقت اشاعت :6اگست2021

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، لندن ۔ برطانوی ویزا میں توسیع کی درخواست مسترد ہونے پر نواز ، شہباز کی طویل مشاورت ، نظر ثانی اپیل دائر کر دی گئی ۔

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق برطانیہ نے نوازشریف کی ویزہ توسیع کی درخواست مسترد کر دی ۔ قائد ن لیگ نے لندن میں قیام بڑھانے کے لئے  ہوم آفس سے رجوع کیا تھا۔  جس پر غور نہیں کیا گیا۔ درخواست مسترد ہونے  کے بعد  نواز شریف کے پاس  اپیل میں جانے کا حق موجود ہے ۔ دوبارہ اپیل مسترد ہونے پر نواز شریف برطانوی عدالتوں سے بھی رجوع کر سکتے ہیں ۔ امیگریشن کے لئے درخواست دینے کی آپشن بھی موجود ہے ۔

سابق وزیراعظم  کا پاسپورٹ حکومت پاکستان پہلے ہی منسوخ کر چکی ہے۔ پاکستان آنے کے لئے نوازشریف کو سفری دستاویز کے لئے درخواست دینا ہوگی ۔اہم مسئلے پر  نوازشریف اور شہباز شریف کا ٹیلی فونک رابطہ  ہوا ہے جس میں تمام آپشنز پر تفصیلی بات چیت کی گئی ہے ۔ فی الوقت   شہباز شریف نے نواز شریف  کو کہا ہے کہ واپسی کے بجائے اپیل کو کامیاب بنانے پر وکلا سے رجوع کریں ۔ پاکستان آنا سودمند نہیں ۔