نہ جہاز اُڑیں گے نہ پائلٹ بچیں گے

رپورٹ : جہانزیب قاسمی ، اسلام آباد

پاکستان میں ہوا بازی کے امور کے کرتا دھرتا غلام سرور خان کی جانب سے جعلی پائلٹ سکینڈل منظر عام پر لانے کے بعد اس کے ا ثرات سامنے آنے کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ سپر لیڈ نیوز کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین ، امریکا اور افریقی ممالک کی جانب سے پابندیوں کے بعد قومی ایئرلائن آخری سانسیں لیتی نظر آرہی ہے ۔

مالی خسارہ دیوالیہ کے قریب لارہا ہے یہ وجہ ہے کہ حکومت اس سفید ہاتھی کو فروخت کر کے مزید خسارے سے جان چھڑا نا چاہتی ہے ۔ حال ہی میں افریقی ملک ایتھوپیا نے بھی پاکستانی پائلٹس کو کام سے روک دیا اور اسناد طلب کر لیں جبکہ مشرقی بعید کے بعض ممالک بھی پاکستانی پائلٹس کی جانچ پڑتال کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں ۔دوسری جانب حکومت پاکستان اس معاملے میں شفافیت کو سامنے لانے کا ارادہ رکھتی ہے ۔

وزیراعظم ہاؤس کے ذرائع کے مطابق عمران خان خود اس معاملے میں براہ راست اثر انداز ہو رہےہیں اور معاملے کو جلد سے جلد حل کرنے کے خواہاں ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ پائلٹس کے لائسنس اور ڈگریوں کی تصدیق کیلئےنادرا سے مدد طلب کر لی گئی ہے ۔

سول ایوی ایشن کے کمپیوٹرائزڈ ٹیکنیکل ایگزامی نیشن سسٹم میں بے قاعدگیوں کا اعتراف بھی سامنے آگیا ہے ۔ جس کےبعد لائسنس کے امتحانی نظام میں اصلاحات کا فیصلہ کیا گیاہے ۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ امتحانی مراکز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے۔