اگلے ماہ چاند گرہن تک جنرل فیض ہی سیٹ پر رہیں گے ، لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم 20نومبر کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات ہونگے

وقت اشاعت :26اکتوبر2021

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔ اگلے ماہ چاند  گرہن  تک  جنرل فیض  ہی سیٹ پر رہیں گے ، لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم 20نومبر کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات  ہونگے ، پاکستان میں اہم تعیناتی کا ڈراپ سین ہو گیا۔

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام  کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے نئے ڈی جی ہونگے ۔ اس حوالے سے ان کے تقرر کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔دلچسپ امر یہ ہے کہ جنرل فیض  19نومبر کو سیٹ چھوڑیں گے ۔ اس طرح ابھی جنرل ندیم  کو اہم عہدہ سنبھالنے کے لئے بیس نومبر تک انتظار کرنا ہوگا۔ نئی سمری کئی روز تک وزیراعظم آفس میں رہی ۔ ذرائع کے مطابق سول اور ملٹری قیادت میں اس حوالےسے تناؤ رہا ۔ کور کمانڈرز کانفرنس کے بعد متفقہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ جنرل ندیم نئے ڈی جی آئی ایس آئی ہونگے تاہم وزیراعظم آفس کی مزاحمت کی وجہ سے ان کی تعیناتی رک گئی ۔

اس حوالے سے آرمی چیف اور وزیراعظم کی دومرتبہ بنی  گالہ میں ملاقات بھی ہوئی تاہم ڈیڈ لاک برقرار رہا۔ دوسری جانب دباؤ بڑھنے پر وزیراعظم کو مذکورہ سمری قبول کرنا پڑی جس کی رو سے جنرل ندیم انجم کو نیا ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کیا جانا تھا۔ حیرت انگیز طور پر ایک مرتبہ پھر اس اہم تعیناتی غیر ضروری تاخیر سے کام لیا جارہا ہے ۔پی ٹی آئی  ذرائع کے مطابق ستاروں کی چال کی رو سے یہ اہم تعیناتی چاند کی تاریک رات میں ضروری ہے ۔ اس دوران  انیس نومبر کو چاند گرہن لگے گا،  عملیات کی رو سے چاند گرہن سے پہلے بڑی تعیناتی ملک پر بھاری پڑ سکتی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ اب جنرل ندیم کو چاند گرہن تک انتظار کرنا ہوگا۔