پارٹ ٹائم وزیر خزانہ کی چھٹی ،تجربہ کار معیشت دان اسحاق  ڈار کی انٹری ، معاشی میدان میں ایک مرتبہ پھر بہتری کی امیدیں

وقت اشاعت:25ستمبر2022

ندیم چشتی ، دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔ پارٹ ٹائم وزیر خزانہ کی چھٹی ،تجربہ کار معیشت دان اسحاق  ڈار کی انٹری ، معاشی میدان میں ایک مرتبہ پھر بہتری کی امیدیں پیدا ہو گئیں ۔

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق مفتاح اسماعیل  نے وزارت سے استعفیٰ پیش کر دیا ہے جسے فوری منظور کرلیا گیا۔ یہ سب گراؤنڈ   ماضی میں ن لیگ کے اہم ترین وزیر اسحاق ڈار کے لئے بنائی گئی جنہیں وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر خزانہ کے لئے نامزد کر دیا ہے ۔ اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ بنانے کا فیصلہ لندن میں ن لیگ کے اہم اجلاس میں ہوا ہے جس میں طویل مشاورت کے بعد نواز شریف نے اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ بنانے کی منظوری دی ۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ مفتاح اسماعیل  نے وزارت سے استعفیٰ وزیراعظم شہبازشریف کے بجائے پارٹی قائد  نوازشریف کو پیش کیا ہے ۔ اسی اجلاس میں اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ مقرر کرنے کا اعلان کیا گیا ۔ ن لیگ کی طرف سے جاری بیان کےمطابق اسحاق ڈار پاکستان آکر وزارت کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے ۔

وزارت خزانہ اسحاق ڈار کی امانت تھی:مفتاح

دوسری جانب مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ وزارت خزانہ اسحاق ڈار کی امانت تھی ۔ چار ماہ میں اپنی صلاحیت کے مطابق بھرپور طریقے سے کام کیا۔ پارٹی اور ملک سے وفاداری نبھائی ۔

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق اسحاق ڈار چار اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گے ۔ وہ وطن واپسی پر سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھائیں گے۔ اگلے روز  اسلام آباد میں ایک مقامی عدالت کے سامنے اپنے خلاف قائم مقدمے میں پیش بھی ہوں گے۔اسحاق ڈارنے اس سے قبل کہا تھا کہ عدالت نے ہماری درخواست منظور کرلی ہے اور وارنٹ معطل کرتے ہوئے سات اکتوبر کو طلب کیا ہے ۔ ادھر اسلام آباد کی احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے وطن واپسی پر انہیں گرفتار کرنےسے روک رکھا ہے ۔