گیلانی بدقسمت یا حکومتی چال کامیاب رہی ؟

وقت اشاعت،14مارچ،2021

سپرلیڈ، اسلام آباد۔ گیلانی بدقسمت یا حکومتی چال کامیاب رہی ؟سینیٹ میں چیئرمین شپ  کی دوڑ میں سنجرانی جیت تو گئے مگر سوالات کی بھرمار ہے ۔ آخر سات ووٹ  مسترد ہونے کے پیچھے کہانی کیا ہے ؟

تجزیہ کار فرحان ادریس  نے اس حوالے سے نمائندہ سپر لیڈ نیوز اسلام آباد ندیم چشتی سے ٹیلی فونک گفتگو کی ۔ انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کے سات ووٹ مسترد ہونے پر دلچسپ حقائق سامنے آئےہیں ۔ ساتوں ووٹوں پر  ایک ہی طرح کی مہر لگی تھی ۔ یوسف رضا گیلانی کے نام کے عین اوپر نیلی سیاہی سے لگی مہر سے یہ تاثر مل رہا ہے کہ یا تو ارکان نے یوسف رضا گیلانی کے حق میں ووٹ کو یقینی بنانے کےلئے ایسا فعل سرانجام دیا۔

اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل نہیں تھی ۔۔؟

ایسے حالات میں یوسف رضا گیلانی بدقسمت ٹھہرتےہیں  اور آئینی لحاظ سے ووٹر کی نیت کو دیکھتے ہوئے حقیقی معنوں میں چیئرمین سینیٹ منتخب ہو چکےہیں ۔ دوسری جانب اگر بلاول بھٹو کااپوزیشن سینیٹرز پر اعتبار کا گمان درست ہے تو معاملہ سادہ اور واضح بھی ہے ۔ یعنی ن لیگ  کے خدشات کے عین مطابق اسٹیبشلمنٹ  نیوٹرل نہیں اور دھونس دھاندلی سے  سینیٹرز کو دھمکاتے ہوئے ووٹ خود  ضائع کرائے گئے ہیں جیسا کہ دو روز قبل شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال  پریس کانفرنس میں ارکان کو فون کالز کئے جانے کا انکشاف کر چکے ہیں ۔

  اگر یہ ووٹ جان بوجھ کر ضائع کرنے کی نیت سے ڈالے گئے تو سات سینیٹرز کو خریدے  جانے یا دھمکی سے ووٹ خراب کرانے کا عنصر واضح  ہوتا ہے ۔ ادھر مختلف میڈیا رپورٹس کے مطابق اپوزیشن کے بعض سینیٹرز نے گیلانی کا ووٹ بینک خراب کیا ہے جس سے اپوزیشن میں انتشار کے اشارے مل رہے ہیں ۔  تاہم فی الوقت کچھ بھی حتمی طور پر نہیں کہا جا سکتا۔