تحریک لبیک سے مذاکرات کون کرے گا؟ کوئی بھی وزیر نہ مانا

تحریک لبیک سے مذاکرات کون کرے گا؟ کوئی بھی وزیر نہ مانا ۔ ذرائع کے مطابق جی ایچ کیو نے معاملہ ٹھنڈا کرنے کےلئے کوششیں شروع کر دی ہیں ۔

سپر لیڈ نیوز کے مطابق راولپنڈی بالخصوص جی ایچ کیو کے قریب احتجاج روکنے کے لئے بیک ڈور رابطے شروع کر دیئے گئے ہیں ۔ اس سلسلے میں وزیر داخلہ جی ایچ کیو سے براہ راست رابطے میں ہیں ۔ وزیراعظم آفس کا کیا موقف ہے تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔ دوسری جانب تحریک لبیک کے سرکردہ رہنماؤں سے رابطے کئے جارہے ہیں تاہم کوئی بھی حکومتی وزیر فرنٹ مین کا کردار ادا کرنے کو تیار نہیں ۔ ذرائع کے مطابق وزرا معاملے میں کودنے سے ہچکچا رہے ہیں ۔ صرف شیخ رشید جی ایچ کیو سے ہدایات لیتے رہے لیکن کیا ٹاسک دیئے گئے ؟کوئی سرکاری موقف سامنے نہیں آسکا۔

سپرلیڈ نیوز کے نمائندہ خصوصی سے گفتگو میں تحریک لبیک لاہور کے مرکزی دفتر کے اہم رہنما نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ عسکری حلقوں نے رابطے کئے ہیں اور احتجاج ختم کرنے کا کہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک کسی حکومتی شخصیت نے رابطہ نہیں کیا۔ ہم بھی یہی چاہتے ہیں کہ ہم سے فوج براہ راست مذاکرات کرے کیونکہ ماضی میں فوج ہی ضامن رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ فرانس کے سفیر کی ملک بدری کا وعدہ کیا گیا تھا۔ عمران خان نے خود تمام مطالبات کی منظوری کی یقین دہانی کرائی تھی مگر حکومت اپنے وعدوں سے مکر گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہ سکتا ہے ۔ قائدین فیصلہ کریں گے ۔ فی الوقت تحریک کے امیر کو فوری رہا کیا جائے اور فرانس سے سفارتی تعلقات ختم کئے جائیں ۔ مذہبی توہین کسی صورت برداشت نہیں کریں گے ۔ یقین ہے کہ فرانس میں دوبارہ توہین مذہب کی ناپاک جسارت کی جائے گی ۔