مریم نواز کی پھر سیاسی منظر نامے میں انٹری ، چچا کی مفاہمتی سیاست کا کیا بنے گا؟

سپر لیڈ نیوز، اسلام آباد ۔ مریم نواز کی پھر سیاسی منظر نامے  میں انٹری ، چچا کی مفاہمتی سیاست کا کیا بنے گا؟نائب صدر مسلم لیگ ن نے لیگی رہنما جاوید لطیف کے گھر آکر اظہار ہمدردی کیا ۔

سپر لیڈ نیوز کے مطابق مریم نواز نے ایک مرتبہ پھر روایتی بیانیے کا پرچار کر کے مقتدر حلقوں کو واضح پیغام دے دیا۔ اتوار کے روز وہ متنازع بیان پر سزا بھگتنے والے جاوید لطیف کے گھر گئیں اور ان کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کیا۔ بعد ازاں کارکنوں سے خطاب میں انہوں نے ایک مرتبہ پھر سخت پیغام دیتےہوئے حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نہیں ، کشمیر بھارت کی جھولی میں ڈالنے والا  غدار  ہے ۔

نواز شریف سلیکٹڈ نہیں تھا۔ جو ہے اسے سب جانتے ہیں ۔جاوید لطیف کو غدار کہنے والوں کا یوم حساب قریب ہے ۔انہوں نے کہا کہ  غداری کا کھیل بہت کھیلا جا چکا ۔ غدار ہم نہیں ۔۔ وہ ہے جس نے عوام کو مہنگائی کے بوجھ تلے دبا دیا۔ چینی کے لئے عوام  کو خوار کرنے   والا بھی غدار ہے ۔منتخب وزیراعظم کا تختہ الٹنے والا بھی غدار ہے ۔  وقت بدل رہا ہے ۔۔ لوگوں نے ڈرنا چھوڑ دیا ہے ۔

اس حوالے سے سپر لیڈ نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا کہ مریم نواز نے ایک مرتبہ پھر سخت خطاب میں بہت کچھ واضح کر دیا ہے ۔وہ یہ کہ ن لیگ میں بنیادی اور اولین بیانیہ نوازشریف کا ہی چل رہا ہے ۔ مریم نواز اپنے والد کے مشن کو آگے بڑھا رہی ہیں ۔ چچا کی مفاہمتی سیاست متوازی چل سکتی ہے ۔ بظاہر یہ ن لیگ کی پالیسی ہو سکتی ہے ۔ جیسا عام طور دو بھائیوں میں سے ایک غصہ دکھاتا ہے اور دوسرا معاملہ ٹھنڈا کرتا ہے ، اندر سے دونوں بھائی ایک پالیسی پر چل رہے ہوتے ہیں ۔

ایک سوال کے جواب میں سہیل وڑائچ نے کہا کہ ن لیگ کی مقبولیت برقرار ہے آئندہ آنے والے دنوں میں یہی لگ رہا ہے کہ مریم نواز جوشیلا انداز اپناتے ہوئے حکمرانوں کو ٹف ٹائم دیں گی جبکہ شہباز شریف روایتی انداز اپناتے ہوئے تنقید کریں ساتھ ہی جہاں ضروری ہوا مفاہمتی انداز میں سیاست کریں گے ۔