پنجاب اور سندھ میں اچانک کورونا ویکسین کی قلت پیدا ہو گئی

وقت اشاعت :16جون2021

سپر لیڈ نیوز، لاہور۔ پنجاب اور سندھ میں اچانک کورونا ویکسین کی قلت پیدا ہو گئی جس کے بعد لاہور اور کراچی کے ایکسپو سنٹر میں ویکسین کے لئے آنے والوں کو واپس بھیج دیا گیا۔

سپر لیڈ نیوز کے مطابق ملک میں وافر ویکسین کے دعوؤں پر سوالات اٹھنے لگے ہیں ۔ چین کی ویکسین کا سٹاک ختم ہو گیا ۔ بالخصوص سندھ اور پنجاب میں سائنو فام ، سائینو ویک، کین سائنو دستیاب نہیں ۔ جس کی وجہ سے لاہور کے ایکسپو سنٹر میں ویکسین کےلئے آنےوالوں کو واپس بھیجا جانے لگا۔

بدھ کے روز بھی سارا دن شہری چکر کاٹتے رہے  جنہیں واپس بھیجا جاتا رہا۔ اسی طرح فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ سمیت دیگر شہروں میں بھی ویکسی نیشن بند کردی گئی۔ یہی حال کراچی کا ہے جہاں ایکسپو سنٹر میں صبح ہی شہریوں کو واپس بھیجا جانے لگا۔ ذرائع کے مطابق ملک میں اس وقت آسٹرازینکا کا وافر سٹاک موجود ہے جبکہ فائزر کی خوراکیں صرف اسلام آباد میں  بیمار یا کم قوت مدافعت والے شہریوں کو لگائی جارہی ہیں۔

اسی طرح روسی ویکسین سپوتنک صرف فوج کے حوالے کی گئی ۔ یہ بیس لاکھ خوراکیں صرف پاکستانی فوج اور اس سے وابستہ شعبوں کو لگائی جائیں گی ۔

اس حوالے سے پنجاب کی وزیر صحت یاسمین راشد نے تسلی دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں، یہ مختصر بریک ہے ۔ ایک دو روز میں وافر ویکسین دستیاب ہوگی اور تمام سنٹرز معمول کے مطابق کام شروع کر دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ویکسین کی کوئی قلت نہیں ۔