امریکا اور برطانیہ نے افغانستان کے زرمبادلہ کے ذخائر منجمد کر دیئے ، طالبان ملک کیسے چلائیں گے ؟

وقت اشاعت :19اگست2021

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، واشنگٹن ڈی سی ۔ امریکا اور برطانیہ نے افغانستان کے زرمبادلہ کے ذخائر منجمد کر دیئے ، طالبان ملک کیسے چلائیں گے ؟بڑا ایشو طالبان کے لئے بھی درد سر بن سکتا ہے ۔

سپر لیڈ نیوز کے  مطابق افغانستان کا قومی خزانہ طالبان کی پہنچ سے دور کر دیا گیا، زرمبادلہ کے ذخائر امریکی ، برطانوی بینکوں میں جمع   تھے جنہیں منجمد کر دیا گیا ہے ۔ اس طرح افغان خزانے کی چابیاں طالبان کے ہاتھ نہیں لگ سکیں ۔ افغانستان کے  زرمبادلہ کے ذخائر میں دس ارب ڈالر  شامل ہیں ۔ ایک اعشاریہ تین ارب ڈالر کا سونا بھی ان ذخائر میں شامل ہے ۔ یہ سونا نیویارک کے بینک میں رکھوایا گیا ہے۔ افغان سنٹرل بینک نے 6 اعشاریہ ایک ارب ڈالر  کی امریکا میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔ طالبان کے ٹیک اوور  کے بعد امریکہ نے یہ تمام رقم اور اثاثے منجمد کر دیئے ہیں ۔

واضح رہے کہ افغان سنٹرل بینک کے پاس نقد 362 ملین ڈالرز بھی تھے جنہیں منجمد کر دیا گیا ہے ۔ دوسری جانب افغان سنٹرل بینک کا 160 ملین ڈالر مالیت کا سونا اور چاندی صدارتی محل  میں محفوظ ہیں جن کے بارے میں خدشہ ہے کہ وہ یقینی طور پر طالبان کے ہاتھ لگ جائیں گے ۔ مگر ملکی نظام چلانے کے لئے یہ اثاثے بہت کم ہونگے ۔ ایسےمیں یہ اہم سوال ہے کہ طالبان ملک کیسے چلائیں گے ؟