پی ٹی آئی حکومت کے تین سال ، وزرا خوش، اپوزیشن کے تنقیدی باؤنسرز

وقت اشاعت :19اگست2021

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔ پی ٹی آئی حکومت کے تین سال ، وزرا خوش، اپوزیشن کے تنقیدی باؤنسرز، دونوں جانب سے بیان بازی بھی جاری ہے ۔

سپر لیڈ نیوز  کے مطابق پی ٹی آئی کی حکومت کو اقتدارمیں آئے تین سال مکمل ہو گئے ہیں ۔ وزرا نے اس حوالے سے اپنی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔  اسد عمر نے کہا  کہ  حکومت نے بہت سے چیلنجز پر قابو پالیا ہے ۔ مشکل ترین حالات میں ملک سنبھالا ۔ خلوص نیت اور محنت کے نتائج نظر آنا شروع ہوگئے ہیں۔ فواد چودھری نے کہا آج سےتین برس قبل سیاہ ترین دور کا خاتمہ ہوا اور روشنی کی امید پیدا ہوئی  جس کا نام تحریک انصاف ہے۔ شبلی فراز نے کہا حکومت کی کارکردگی بہترین ہے ۔ چند ایک مسائل جو باقی بچے ہیں وہ بھی ختم ہو جائیں گے ۔

کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے  وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا پی ٹی آئی نے تین سال بہت محنت کی ۔ عوام  اعتماد کر رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک آگے بڑھ رہا ہے ۔

اپوزیشن ترقی کے دعوؤں  سے متاثر نہیں

اپوزیشن نے تین سال مکمل ہونے پر حکومت  کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ پیپلز  پارٹی  کی سینیٹر شیری رحمان نے کہا  اس حکومت نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ ان کے وزرا ڈھٹائی دکھاتے ہوئے جھوٹ بولنے سے باز نہیں آرہے ۔ مہنگائی کا حال سب کے سامنے ہے ۔ عمران خان میں ملک چلانے کی اہلیت ہی نہیں ۔ ملک کو سفارتی سطح پر تنہا کر دیا گیا ہے ۔حمزہ شہباز نے کہا حکومت اپنے تین سال مکمل ہونے پر خوشیاں منا رہی ہے ایسی کارکردگی پر تو منہ چھپانا چاہئے۔

ترقی کرتی معیشت کا بیڑا غرق کر دیا گیا جو سبز باغ دکھائے تھے انکی حقیقت بھی سامنے آ گئی ۔ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے سبب کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں تاریخی سطح پر پہنچیں اور نااہلی کی وجہ سے انہیں کنٹرول نہیں کیا جا سکا۔  افراط زر 20 فیصد سے زائد ہو چکا ہے ساڑھے 5 فیصد والی ترقی کی شرح  کو یہ لوگ ایک فیصد پر لے آئے ہیں جو شرمناک ہے ۔