مارٹن گپٹل کی بیوی کو بھی دھمکی آمیز ای میل ، بھارت اور کالعدم ٹی ایل پی کی تردید ، پی ٹی آئی حکومت پر کڑی تنقید

وقت اشاعت :23ستمبر2021

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، واشنگٹن ڈی سی ۔ مارٹن گپٹل کی بیوی کو بھی  دھمکی آمیز ای میل ، بھارت اور کالعدم ٹی ایل پی کی تردید ، پی ٹی آئی حکومت پر کڑی تنقید،الٹا الزامات عائد کر دیئے ۔

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق بدھ کے روز وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری اور وزیر داخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس میں بڑے انکشافات کر دیئے ۔ فواد چودھری نے کہا کہ نیوزی لینڈ ٹیم کو فیک آئی ڈی بنا کر دھمکی آمیز ای میل کی گئی ۔ ایک ای میل میں احسان اللہ احسان  کا نام استعمال ہوا جبکہ ایک ای میل آئی ڈی  پروٹون میل استعمال کرتے ہوئے سامنے آئی ہے جس میں تحریک لبیک کانام استعمال ہوا جبکہ یہ آئی بھارتی شہری کی نکلی ۔ شناخت چھپانے کے لئے وی پی این استعمال کیا گیا جس کی وجہ سے ای میل بھیجنے والے کی لوکیشن سنگاپور کی آرہی تھی ۔

نیوزی لینڈ ٹیم آفیشل نے تاحال خطرات کی تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا ۔ فوٹو کری

جو ڈیوائس نیوزی لینڈ کرکٹ کو دھمکی دینے کے لیے استعمال ہوئی وہ بھارت کی نکلی ۔  اوم پرکاش مشرا نامی بھارتی شہری  نے اس ڈیوائس کو استعمال کیا۔ فواد چودھری نے مزید کہا کہ تحقیقات کے لئے انٹرپول سے مدد لی جارہی  ہے جلد مزید حقائق سامنے آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حمزہ آفریدی کے آئی ڈی سے ایک ای میل اکاؤنٹ بنایا گیا جس کا سراغ مل گیا ہے ۔ فواد چودھری نے مزید کہا کہ انیس اگست  کو فیس بک پر بھی ایک جعلی پوسٹ شیئر کی گئی جس میں نیوزی لینڈ ٹیم کو دھمکی دی گئی تھی ۔

ایسی ہی ایک دھمکی مارٹن گپٹل کی اہلیہ کو بھی موصول ہوئی تھی ۔ فواد چودھری نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ سنڈے گارجین میں ایک بھارتی صحافی ابھی نندن مشرا کا آرٹیکل بھی سامنے آیا ہے ۔ جس میں انہوں نے نیوزی لینڈ ٹیم پر حملے کے خدشات کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے آرٹیکل میں انہوں نے اسی جعلی پوسٹ کا حوالہ دیا ہے ۔ اس بھارتی صحافی کے افغانستان کے سابق نائب صدر امر اللہ صالح سے قریبی تعلقات ہیں جن کے بارے میں سب جانتے ہیں کہ وہ پاکستان مخالف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پورے منظم کھیل میں تحریک لبیک ، احسان اللہ احسان اور حمزہ آفریدی نامی اکاؤنٹس استعمال ہوئے جو جعلی ہیں ۔

کالعدم تحریک لبیک پاکستان کا موقف

سوشل میڈیا پر فواد چودھری اور شیخ رشید کی پریس کانفرنس کے بعد تبصروں کی بھرمار ہو گئی ۔ تحریک لبیک کے حامی میدان میں اتر آئے اور کہا کہ فواد چودھری نے جان بوجھ کر تحریک لبیک کو معاملے میں شامل کرنے کی کوشش کی ہے ۔ قدیر بخش نامی ایک صارف نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت خود پراپیگنڈے کی چیمپئن ہے ۔ تحریک لبیک کا نام جان بوجھ کر سامنے لایا جارہا ہے جیسے  ٹی ایل پی کوئی طالبان جیسی دہشت گرد جماعت ہو۔

بھارت نے الزامات مسترد کر دیئے

بھارت نے پاکستانی وزرا کے الزامات یکسر مسترد کرتے ہوئےالٹا دہشت گردوں کی سپورٹ سے پیچھے ہٹنے کا مطالبہ کر دیا۔ بھارتی خارجہ امور کے ترجمان ارندم باغچی نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے ہی ہم پر الزامات لگاتا آیا ہے ۔ یہ سب من گھڑت ہیں ۔ بھارت اس کی تردید کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خود دہشت گردوں کی سپورٹ کرتا ہے ۔ جیسا کہ ان کی قومی قیادت اسامہ بن لادن کو سر عام شہید مانتی ہے ۔