خانیوال میں توہین مذہب کے الزام میں ہجوم کے ہاتھوں مارے جانے والا شخص ذہنی معذور نکلا، وزیراعظم عمران خان کا پر تشدد ہجوم کو گرفتار کرنے کا حکم

وقت اشاعت :14فروری2022

کاظم بخش ،  نمائندہ خانیوال ، دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ۔ خانیوال میں توہین مذہب کے الزام میں ہجوم کے ہاتھوں مارے جانے والا شخص ذہنی معذور نکلا، وزیراعظم عمران خان کا پر تشدد ہجوم کو گرفتار کرنے کا حکم ، رپورٹ طلب کرلی ۔

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق خانیوال میں  مبینہ طو ر پر توہین قرآن کے الزام میں مارے جانے والا ذہنی معذور نکلا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت مشتاق احمد ولد بشیر احمد کے نام سے ہوئی ہے۔ وہ قریبی گاؤں بارہ چک  کے  رہائشی تھے۔ مشتاق کی میت ان کے سوتیلے بھائی نے وصول کرلی  ،  نماز جنازہ کے بعد  مشتاق کی تدفین کر دی گئی ۔ چک نمبر بارہ کے رہائشیوں کے مطابق  مشتاق کئی کئی دن گھر سے باہر رہتے تھے ۔ ذہنی توازن درست نہ ہونے کی بنا پر ان کی اہلیہ نے بھی چار سال قبل ان سے علیحدگی اختیار کرلی تھی اور بچے بھی اپنے ہمراہ لے گئی تھیں۔

وزیراعظم کا مشتعل ہجوم کے خلاف زیرو ٹالرنس کا عندیہ

 مشتعل ہجوم کے ہاتھوں شہری کی ہلاکت  کا وزیراعظم نے نوٹس لے لیا ہے ۔ انہوں نے  آئی جی  پنجاب  سے  رپورٹ طلب کرلی۔  وزیراعظم نے کہا قانون ہاتھ میں لینے والوں کیخلاف زیروٹالرنس ہے۔کسی فرد یا گروہ کی جانب سے قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی۔ ہجوم کے تشدد کو نہایت سختی سےکچلیں گے۔ عمران خان  نے   فرائض میں  غفلت برتنے والے پولیس اہلکاروں  کیخلاف کارروائی  کی ہدایت بھی کی ۔

پنجاب حکومت ان ایکشن ، ہجوم کی پکڑ دھکڑ

میاں چنوں واقعہ کی ابتدائی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب  کو پیش کردی گئی ۔ سرکار کی مدعیت  میں 33 نامزد اور 300 نامعلوم  افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ویڈیوز کا جائزہ لینے کے بعد 15 مرکزی ملزم گرفتار کر لئے گئے ۔پولیس  نے  62 مشتبہ افراد  کو بھی حراست میں لے لیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے ۔ واضح رہے کہ جمعے کے روز مشتعل ہجوم نے شہری کو تشدد کے بعد ہلاک کر دیا تھا ۔ پولیس اور مظاہرین میں جھڑپ بھی ہوئی جس میں کئی اہلکار بھی زخمی ہوئے تھے ۔