پی ٹی آئی سے اتحاد ۔۔ کیسا اتحاد ؟

کراچی کے کوڑے کرکٹ اور مسائل پر پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی میں  مل کر کام کرنے پر اتفاق ہوا ہے ۔

مسائل حل کرنے کے لئے پیپلز پارٹی ، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم نے مل کر کام کرنے پر زور دیا  ۔

اس سلسلے میں وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت ایک اجلاس میں مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی ۔اجلاس کے بعد پاکستانی میڈیا میں  ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے کی خبر چلتی رہی ۔

بریکنگ نیوز کی دوڑ میں بعض پاکستانی ٹی وی چینلز نے تو کمیٹی ارکان کے نام بھی چلا دیئے ۔

دن بھر چلنے والی اس بریکنگ نیوز کو اس وقت دھچکا پہنچا جب سندھ حکومت نے ایک بیان جاری کر  کے کمیٹی تشکیل دینے کی تردید کردی ۔

صوبائی حکومت کے مطابق ایسی کوئی کمیٹی تشکیل  ہی نہیں دی گئی ۔ صرف کراچی کے مسائل پر بات ہوئی اور مل کر ان کے حل کی بات کی گئی ۔

صرف تعاون کی بات ہوئی ، ناصر شاہ

 سندھ کے وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے کہا کہ تینوں جماعتوں کا کراچی کے مسائل کے حوالے سے کوئی اتحاد نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے مسائل کے حل کے لئے وفاقی اداروں کے ساتھ تعاون کیا جائے گا۔  شہر میں ترقیاتی منصوبوں کی ذمہ داری صوبائی حکومت کی ہے  ۔ سندھ حکومت صوبے کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے ۔

دوسری جانب بلدیاتی الیکشن سے پہلے لائحہ عمل طے کرنے کےلئے بھی  وفاقی اور صوبائی حکومت میں رابطہ ہوا ۔ جس میں میئر  کراچی کی مدت کے خاتمے پر متفقہ ایڈمنسٹریٹر لانے پر اتفاق ہوا ہے ۔

 بااختیار میئر کے حوالے سے سندھ اسمبلی میں بل  پیش کیا جائےگا  جس پر بحث بھی کی جائے گی ۔ میئر کراچی کی مدت 28اگست کو ختم ہوگی ۔