موٹروےزیادتی کیس کاایک نامزدملزم پولیس کےسامنےپیش

  موٹروےزیادتی کیس کاایک نامزدملزم پولیس کےسامنےپیش ہو گیا جس کے بعد کیس میں ایک نیا موڑ آگیا ہے ۔ جیوفینسنگ کے ذریعے ٹریس  ملزم وقار نے الزام  کی تردید کر دی۔

اتوار کے روز کیس نیا رخ اختیار کرتا دکھائی دیا۔ پولیس کی جانب سے نامزد ایک ملزم وقار الحسن خود ہی ماڈل ٹاؤن سی آئی اے تھانے پیش ہوگیا ۔ جسے تحویل میں لے کر نامعلوم مقام منتقل کر دیا گیا۔

وقار الحسن نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا کہ وہ بے قصور ہے ۔ اس کا مرکزی ملزم عابد سے کوئی تعلق نہیں ۔ وقار نے مزید بتایا کہ عابد کا رابطہ اس کے برادر نسبتی کے ساتھ تھا۔  جو اسی کے نام سم استعمال کررہا تھا۔ پولیس نے موبائل سم لوکیشن کی مدد سے میرا نام پیش کیا جبکہ میرااس واقعے سے کوئی تعلق نہیں ۔

وقار کے اہل خانہ اورمحلے داروں  کی رائے  

وقا ر الحسن کی والدہ   کے مطابق ان کا بیٹا بے قصور ہے ۔ اس علاقے کے پرانے رہنے والے ہیں ۔ وقار کبھی جرائم  میں  ملوث نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا بیٹا موٹر سائیکل مکینک ہے ۔ معلوم نہیں کیسے اس کا نام آگیا۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئےانہوں نے کہا کہ اگر میرا بیٹا قصور وار ہوتا تو پولیس کے سامنے خود پیش نہ ہوتا۔

یہ بھی پڑھیئے: موٹر وے واقعے کے خلاف ملک بھرمیں مظاہرے جاری

وقار کے بھائی نے بھی ایسے ہی خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پولیس کو بے گناہی کے تمام ثبوت دینے  کو تیار ہیں ۔ اہل علاقہ نے بھی وقار کےا چھے  کردار کی تصدیق کی ۔ انہوں نے کہا کہ کبھی جرائم پیشہ ہونے کا تاثر نہیں ملا۔