جون کے مہینے میں ہی گیس غائب ، ذمہ دار کون ؟

وقت اشاعت :29جون2021

سپر لیڈ نیوز، کراچی ۔ جون کے مہینے میں ہی گیس غائب ، ذمہ دار کون ؟ملک بھر میں گیس بحران سنگین ہونےلگا۔  سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشن مزید 6 روز کے لیے بندہو گئے ۔

سپر لیڈ نیوز کے مطابق   فیصلہ سی این جی اسٹیشنز مالکان اور ایس ایس جی سی حکام کے درمیان مذاکرات کے بعد کیا گیا۔ کراچی میں سی این جی سٹیشن  بند رہیں گے جس سے ٹرانسپورٹرز  میں تشویش کی  لہر دوڑ گئی ۔ ادھر پنجاب اور  خیبر پختونخوا کی انڈسٹریز کےلئے بھی بری خبر سامنے آگئی ۔ 

سوئی ناردرن  کے اعلامیہ کے مطابق ایل این جی ٹرمینل ون پر 29جون سے 5 جولائی تک  مرمتی کام ہوگا۔آر ایل این جی ، سی این جی اور نان ایکسپورٹ انڈسٹری  کو سپلائی نہیں ملے گی ۔ واضح رہے کہ سندھ میں سی این جی سیکٹر گیس کی بندش سے بری طرح متاثر ہوگا۔ اسی طرح دیگر انڈسٹریز کو بھی دھچکا پہنچے گا۔  حکومتی فیصلے کے بعد سندھ حکومت نے وفاق پر کڑی تنقید کی ہے۔ ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کے مطابق یہ پہلی حکومت آئی ہے جس نے جون کے مہینے میں گیس لوڈ شیڈنگ کروا کر منفرد ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں زیادہ تر ٹرانسپورٹ سی این جی سے وابستہ ہیں۔ یہ فیصلہ تکلیف دہ ہوگا۔