سفارتی کوششیں کامیاب، روس اور یوکرین  میں فوری جنگ کا خطرہ ٹل گیا

وقت اشاعت :16فروری2022

دی سپرلیڈڈاٹ کام ، ماسکو۔ سفارتی کوششیں کامیاب، روس اور یوکرین  میں فوری جنگ کا خطرہ ٹل گیا، امریکا  کے خدشات کم نہ ہوسکے ۔

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق  جرمنی اور فرانس کی سفارتی کوششیں کامیابی سے ہمکنار ہوئی ہیں۔ مشرقی یورپ پر منڈلاتا جنگ کا خطرہ ٹل رہا ہے ۔ روس نے میزائلوں اور سکیورٹی پر مغرب سے بات چیت پر آمادگی ظاہر کردی ۔ جس کے فوری بعد  تیل کی آسمان کو چھوتی قیمت بھی واپس آنے لگی ۔ جرمن چانسلر اولاف شولز کی صدر پیوٹن سے ماسکو میں ملاقات میں بڑا بریک تھرو سامنے آیا۔ چانسلر نے پیوٹن کو فوری طور پر جارحیت کم کرنے کا مشورہ دیا جس کے بعد طویل ملاقات کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ۔
صدر پیوٹن نے  یوکرین بارڈر سے روسی افواج کی جزوی واپسی کا اعلان کردیا۔سکیورٹی معاملات پر بات چیت کا بھی عندیہ دے دیا۔اس  موقع پر صدر پیوٹن نے کہا کہ یوکرین کے ڈونباس کے علاقے میں قتل عام ہو رہا ہے ۔ یوکرین اس کا ذمہ دار ہے ۔دوسری جانب یوکرین کی نیٹو میں شمولیت کا فیصلہ برقرار ہے جس پر روس کے تحفظات بھی کم نہیں ہوئے ۔ وائٹ ہاؤس کےمطابق روسی افواج کے پیچھے ہٹنے کے باوجود کشیدگی  موجود ہے  اسے بڑا بریک تھرو قرار نہیں دیا جاسکتا۔