غیرملکی قوتوں کو آسٹریلوی ٹیم کی آمد برداشت نہیں ہوئی، وزیر داخلہ

وقت اشاعت :4مارچ2022

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔ غیرملکی قوتوں کو آسٹریلوی ٹیم کی آمد برداشت نہیں ہوئی، وزیر داخلہ نے پشاور دھماکے میں غیر ملکی ہاتھ ملوث ہونے کا دعویٰ کر دیا۔

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق  شیخ رشید نے کہا  آسٹریلیا کی ٹیم 24 سال بعد پاکستان آئی  ہے ۔  ملک دشمن قوتوں سے غیرملکی ٹیم کی آمد برداشت نہیں ہوئی ۔ دھماکہ ملک دشمنوں نے ہی کرایا ہے ۔ مذموم مقاصد رکھنے والی یہ قوتیں ملک میں امن نہیں دیکھنا چاہتیں ۔ 

پشاور قصہ خوانی بازار کی مسجد میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ دھماکے سے متعلق کوئی  پیشگی اطلاع تھی نہ ہی کوئی دھمکی دی گئی تھی ۔ مقامی سکیورٹی کے امور معمول کے مطابق ہی تھے ۔ دھماکا پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کا حصہ ہے۔ پاکستان  دشمن خلفشار کے لئے کسی بھی حد تک جانا  چاہتے ہیں ۔  غیر ملکی قوتیں پاکستان کا امن خراب کر کے دیگر ممالک کو غلط پیغام دینا چاہتی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ یہ  انتہائی دلخراش اور افسوس ناک واقعہ ہے۔ دہشت گردی کی تحقیقات کی جارہی ہیں ۔ وزیراعظم بھی اعلیٰ حکام سے رابطے میں ہیں ۔  واقعے کی خبر ملتے ہی اسلام آباد میں سرکاری سطح پر  خواتین پروگرام اور کل کا دورہ لاہور اور وہاں ہونے والا جلسہ بھی منسوخ کر دیا گیا ہے ۔