عمران خان فوری استعفیٰ دیں،اے پی سی اعلامیہ

دی سپر لیڈ،اسلام آباد۔ عمران خان فوری استعفیٰ دیں،اے پی سی اعلامیہ  سامنے آگیا۔ اپوزیشن جماعتوں نے شفاف الیکشن کے لئے اصلاحات کابھی مطالبہ کر دیا۔ اعلامیہ 26نکات پر مشتمل ہے ۔

اپوزیشن کی اے پی سی میں  عمران خان کے استعفے کامطالبہ سر فہرست ہے ۔ مولانا فضل الرحمان نے اعلامیہ پڑھتے ہوئے کہا کہ یہ کانفرنس مطالبہ کرتی ہے شفاف الیکشن  کے لئے فوج اور ایجنسیوں  کی مداخلت ختم کی جائے ۔ سیاسی مقدمات روکے جائیں  ۔ انتقامی کارروائیاں فوری  بند کی جائیں  ۔ حمزہ شہباز اور خورشید شاہ کو رہا کیا جائے ۔ انہوں نےبتایا کہ اپوزیشن کی گیارہ جماعتوں نے  پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے نام سے سیاسی اتحاد تشکیل  دیا ہے ۔انیس سو سینتالیس سے لے کر اب تک  تاریخ کو دستاویزی شکل دینے کے لئے ٹروتھ کمیشن تشکیل دیا جائے۔

 چارٹر آف پاکستان مرتب کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ کانفرنس کے اعلامیہ میں سی پیک کو منظم انداز سے آگے بڑھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے عاصم سلیم باجوہ کے بھی استعفے کا مطالبہ رکھا گیا۔ مولانا  نے کہا کہ عاصم سلیم باجوہ کی انکوائری مکمل  ہونے  تک انہیں عہدےپر رہنے کا کوئی اختیار نہیں ۔ اس موقع پر ملک میں صدارتی نظام رائج کرنے کے مذموم ارادے کی مذمت  بھی سامنے آئی ۔

فضل الرحمان نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ یہ سلیکٹڈ حکومت سقوط کشمیر کی ذمہ دار ہے۔

یہ بھی پڑھیئے:نوازشریف نے ٹویٹرجوائن کر لیا ، مقبولیت کے نئے ریکارڈ

اپوزیشن الائنس نے نیشنل ایکشن پلان پر پوری طرح عمل نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ۔ اسی طرح گلگت بلتستان میں  متنازع الیکشن  ، شہریوں کی جبری گمشدگیوں ، پنجاب میں بلدیاتی اداروں کے خاتمے اور تعلیمی بجٹ میں کٹوتی  کی بھی مذمت کی گئی ۔