ڈی ایچ اےکراچی کی انتظامیہ پرٹیکس میں گھپلوں کاالزام

قاسم چوہان ، دی سپر لیڈ ،کراچی ۔ ڈی ایچ اےکراچی کی انتظامیہ پرٹیکس میں گھپلوں کاالزام  لگا کر دوسری مرتبہ مکینوں نے احتجاج ریکارڈ کرایا ہے ۔ مظاہرین نے انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی ۔

سپر لیڈ نیوز کے مطابق عسکری ہاؤسنگ سکیم یعنی ڈی ایچ اے کی انتظامیہ پر سنگین الزامات لگائے گئے ہیں ۔ ڈی ایچ اے کی انتظامیہ میں زیادہ تر ریٹائرڈ فوجی اہلکار ہیں ۔ مظاہرین میں فنکاروں کی بڑی تعداد شامل ہوئی ۔ جبکہ شوبز سے وابستہ دیگر شخصیات بھی احتجاج کا حصہ بنیں ۔ یاد رہے کہ ڈی ایچ اے کراچی میں فنکاروں کی بڑی تعداد آباد ہے ۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھاری ٹیکس دیتے ہیں پھر بھی بارشوں کی وجہ سے علاقہ ڈوبا رہا۔ سوسائٹی انتظامیہ کو مختلف مد میں کثیر رقم دی جاتی ہے ۔ جن میں ٹیکسز سے لے کر ڈویلپمنٹ چارجز تک شامل ہیں ۔ مگر پھر بھی بارش کا پانی نہ نکالا جا سکا۔ مکینوں نے کہا کہ گھروں کے تہہ خانوں میں پانی داخل ہونے سے قیمتی سامان خراب ہو گیا۔ بارش کا پانی کئی روز تک نہ نکالا جا سکا جس سے انتظامیہ کی نا اہلی کھل کر سامنے آگئی ہے ۔

یہ بھی پڑھیئے:قانون کی حکمرانی کےلئے آدھا کراچی گرانا پڑے گا

ڈیفنس اور کلفٹن میں حالیہ بارشوں کے نقصانات کی تمام ذمہ داری انتظامیہ پر ڈالتے ہوئے شوبز شخصیات نے کہا کہ سب سے زیادہ ٹیکس ہم دیتے ہیں پھر بھی داد رسی نہیں ہوئی ۔ بتایا جائے ہمارا ٹیکس کون کھا رہا ہے؟مقررین نے کہا کہ پہلے احتجاج کیا تو انتظامیہ نے الٹا مظاہرین پر ہی مقدمے درج کرا دیئے ۔ یہ مقدمات واپس لئے جائیں ۔ سیوریج کا نظام بہتر بنایا جائے تاکہ آئندہ بارشیں ہوتوہمارے گھر نہ ڈوبے ۔