طلبی کےاشتہارکےبعدبھی نوازشریف واپس نہیں آئیں گے؟

ندیم چشتی ، سپر لیڈ اسلام آباد۔ طلبی کےاشتہارکےبعدبھی نوازشریف واپس نہیں آئیں گے؟ اسلام آباد ہائیکورٹ میں دوران سماعت پاکستانی ہائی کمیشن کے عملے نے مایوسی کا اظہار کر دیا۔

سپر لیڈ نیوز کے مطابق العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف  کی طلبی کا اشتہارجاری کرنے حکم دیا  ہے ۔ نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کے لیے تین گواہوں کی شہادتیں قلمبند  ہو گئیں ۔نیب پراسکیوٹر نے اس موقع پر عدالت کو بتایا کہ  نواز شریف جان بوجھ کر عدالت سے مفرور ہیں۔ نواز شریف عدالت کو مطلوب ہیں۔ ان  کواشتہاری قرار دینے کے لئے اخبارات میں اشتہار دیا جائے۔ انہوں نے تجویز دی کہ  اشتہار رہائش گاہ پر بھی چسپاں کروایا جائے۔عدالت نے تجویزسے اتفاق کرتے  ہوئے حکم نامہ جاری کر دیا۔

عدالت میں پاکستانی ہائی کمیشن کا نمائندہ بھی پیش ہوا اور کہا کہ نواز شریف کے بیٹے کے ملازم یعقوب خان نے عدالتی احکامات وصول  کرنے سے انکار کیا ہے ۔  رائل میل کے ذریعے بھجوائے گئے وارنٹ گرفتاری کی ڈلیوری کی رسیدیں موجود ہیں۔  پاکستانی ہائی کمیشن  لندن  کے عملے کوریئر سروس کو بنیاد بناتے ہوئے وارنٹ ارسال کرنے کے ثبوت عدالت پیش کر دیئے ۔

نوازشریف کے گھرمیں تعینات ملازم وارنٹ وصول نہیں کرنا چاہتے ، پاکستانی ہائی کمیشن

اس موقع پر کمیشن کے اہلکار سے سوال ہوا کہ عملے نے کس حد تک وارنٹ کی تعمیل کرانے کی کوشش کی جس پر اہلکار نے موقف اختیار کیا کہ نوازشریف کے گھر میں تعینات ملازم وارنٹ وصول ہی نہیں کرنا چاہتے ۔ جس سے تاثر ملا کہ وہ واپس نہیں آئیں گے ۔

یہ بھی پڑھیئے:گوجرانوالہ میں ن لیگ کےجلسےسےپہلے اعلیٰ پولیس افسرتبدیل

سپرلیڈ نیوز کے لندن میں نمائندے اسد مرزا کےمطابق  نوازشریف آف دی ریکارڈ صحافیوں کے وفد سے ملاقات میں یہ عندیہ دے چکے ہیں کہ وہ جنوری سے پہلے پاکستان نہیں جارہے ۔ ڈاکٹر کورونا کی وجہ سے انہیں سفر نہ کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق طلبی کے اشتہار کے بعد بھی نوازشریف واپس نہیں آئیں گے ۔