ملک بھر میں طویل اندھیرےکی اصل وجہ کیا تھی ؟

ملک بھر میں طویل اندھیرےکی اصل وجہ کیا تھی ؟ وزرا بھی اندازے لگاتے رہے گیارہ گھنٹے تک افواہوں کا بازار گرم رہا۔
سپر لیڈ نیوز کے مطابق رات گیارہ بج کر اکیالیس منٹ پر لاہور ،راولپنڈی ،اسلام آباد ،کراچی میں اچانک بجلی بند ہوگئی۔ گڈو اور تربیلا کے بجلی یونٹس ٹرپ کر گئےجس سے کے الیکٹرک کو بھی سپلائی بند کر دی گئی ۔ ابتدائی طور پر وزیر بجلی عمر ایوب نے نیشنل ٹرانسمیشن لائن کی فریکونسی صفر ہونے کی اطلاع دی جس کے بعد وجوہات کے تعین کے لئے انکوائری شروع ہونے کا دعویٰ کیا۔

سپر لیڈ نیوز کے ذرائع کے مطابق حکام نے وزیر بجلی کو فوری بیان دینےسے منع کردیااور واضح کیا کہ جلد بازی میں کوئی بھی بیان ملک میں بے چینی کا باعث بنے گا ۔ ساری رات بجلی کی ترسیل بحال کرنے کےلئے بیک اپ پلان پر کام ہوتا رہا ۔ ایسے میں بلوچستان سے آنے والی مین ٹرانسمیشن لائن پر حملے کی بھی اطلاع سامنے آئی تاہم سرکاری سطح پر اس کی تصدیق نہ ہوسکی ۔
ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق رات 11:41 بجے پر گدو میں فالٹ پیدا ہوا جس کی وجہ سے ملک کی ہائی ٹرانسمیشن میں ٹرپنگ ہوئی اور ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں سسٹم کی فریکونسی 50 سے 0 پر آئی اور بریک ڈاؤن ہو گیا۔

بجلی غائب ہونے پر ایک اعلی سطح کی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے تاہم ابھی تک بریک ڈاؤن کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ۔ تاہم افواہوں کو کنٹرول کرنے کے لئے وزیر بجلی و توانائی عمر ایوب نے نیا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سسٹم نےسیلف ڈیفنس میں خود کو شٹ ڈاؤن کیا تھا۔