شہباز شریف کی ضمانت، ن لیگ مضبوط ہو گئی ؟

علی نقوی، سپر لیڈ نیوز، لاہور۔ شہباز شریف کی ضمانت، ن لیگ مضبوط ہو گئی ؟اپوزیشن لیڈر کےلیے بڑا عدالتی ریلیف ایسے وقت میں ملا ہے جب پی ڈی ایم بکھرچکی ہے ۔

سپر لیڈ نیوز تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز منی لانڈرنگ کیس میں  شہباز شریف کی ضمانت منظور ہو گئی ۔ نیب پراسکیوٹر نے کہاہمیں 7 ارب 32 کروڑ روپے کے اثاثوں کی تفصیلات نہیں مل رہیں۔  یہ پہلے ڈی ایچ اے میں کرائے پر رہتے رہے ہیں۔ تین کروڑ روپے سالانہ  کی آمدن کے ذرائع کا کوئی پتہ نہیں۔عدالت نے ریمارکس دیے ایف بی آر  نے کیوں نہیں پوچھا کہ جائیداد آمدن سے زائد ہے؟اگر ایف بی آر کے دائرہ اختیار میں آتا ہے تو نیب کیوں انکوائری کر رہا ہے؟ 

شہباز شریف کے وکیل نےکہا کہ چھ سال سے زائد عرصہ  کا آڈٹ نہیں ہو سکتا۔ کوئی اتنی دیر تک رسیدیں نہیں سنبھال سکتا۔کسی بھی گواہ نے شہباز شریف کا نام نہیں لیا۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد شہبازشریف کی پچاس، پچاس لاکھ کے مچلکوں  کے عوض رہائی کا حکم دے دیا ۔ لیکن اہم سوال یہ ہے کہ ن لیگ کتنی مضبوط ہوگی ؟

اس حوالے سے سپر لیڈ نیوز  سے  گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کار خالد چودھری نے کہا پی ڈی ایم ٹوٹنے کے بعد ن لیگ سولو فلائیٹ کے لئے تیار ہے ۔ مریم نواز والد کے بیانیہ پر چل رہی ہیں اور بظاہر انہیں پارٹی کی مکمل حمایت حاصل ہے ۔ ہر جماعت میں کچھ نہ کچھ اختلافات بھی ہوتےہیں ۔ لیکن شہباز شریف اپنے بھائی کے بیانیہ کے ساتھ کھڑے نظر آتےہیں ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر مجموعی صورتحال دیکھیں تو شہباز شریف کی ضمانت سے ن لیگ کی سیاست مزید پروان چڑھے گی حکومت پر دباؤ بڑھے گا تاہم اگر مفروضوں کی بنیاد پر چلیں تو حکومتی دعوے محض دعوے ہی نظر آتے ہیں ۔ ن لیگ میں کوئی اختلاف نظر نہیں آرہا لیکن آنے والے دنوں میں اگر ایسا ہے تو بھی واضح ہو جائےگا۔