مردان میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور 2پولیس اہلکار قتل

وقت اشاعت :10جون2021

سپر لیڈ نیوز، پشاور۔ مردان میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور 2پولیس اہلکار قتل  ہوگئے ۔ دہشت گردوں نے گھات لگا کر حملہ کیا ، دونوں اہلکار موقع پر ہی دم توڑ گئے ۔

سپر لیڈ نیوز کے مطابق پاکستان میں پولیو مہم شروع ہوتے ہی شرپسند عناصر ایک مرتبہ پھر متحرک ہو گئے ۔ حسب روایت کے پی میں ہی مہم ختم کرانے کے لئے  پولیو ویکسین پلانے والی ٹیموں کو ٹارگٹ کیا گیا۔ حالیہ واقعہ تھانہ رستم کے علاقے  پلوڈھیری شاہ پل میں پیش آیا جہاں گھر گھر پولیو مہم جاری تھی ۔ واقعے کے بعد لیڈی ہیلتھ ورکرز نے بھاگ کر جان بچائی ۔ علاقے میں پولیو مہم عارضی طور پر روک دی گئی ۔   واقعے کے بعد علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی جبکہ سرچ آپریشن بھی کیا گیا تاہم کسی دہشت گرد کا سراغ نہ ملا۔  پولیو مہم کوآرڈینیٹر کے مطابق اس علاقے میں پہلے بھی پولیو مہم کو سبوتاژ کرنے کےلئے  کارروائیاں ہو چکی ہیں ۔ بعض مذہبی رہنما بھی اس پولیو مہم کو ناکام بنا چکے ہیں جس کے بعد والدین بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کر دیتے ہیں ۔ آئی جی کےپی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پولیس اہلکاروں  نے اپنی جان دے کر ہیلتھ ورکرز کی جان بچا لی ۔ دہشت گرد ان کے ساتھ ہی چل رہے تھے کہ اچانک موقع ملتے ہی فائر کھول دیا۔