اسلام آباد میں افغان سفیر کی بیٹی کا اغوا اور تشدد، دوپٹے میں لپٹا خفیہ پیغام ایجنسیوں کے لئے چیلنج بن گیا

وقت اشاعت :18جولائی2021

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔ اسلام آباد میں افغان سفیر کی بیٹی کا اغوا اور تشدد، دوپٹے میں لپٹا خفیہ پیغام ایجنسیوں کے لئے چیلنج بن گیا ۔ یہ واقعہ اسلام آباد کے علاقے کوہسار کے قریب پیش آیا۔

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام  کے مطابق اسلام آباد میں افغان سفیر کی بیٹی کے اغوا کا معاملہ انتہائی پیچیدہ  صورتحال اختیا رکر گیا ہے ۔سفیر کی بیٹی کو اغوا کرنے کے بعد ان کے دوپٹے میں پچاس روپے کا نوٹ برآمد ہوا ہے جس میں لکھا تھا کہ اب اگلی باری تمہاری ہے ۔ پولیس کو ریکارڈ کرائے گئے بیان کے مطابق افغان سفیر کی بیٹی نے بتایا کہ وہ اپنے بھائی کے لئے بلیو ایریا میں خریداری کرنے گئی تھیں جہاں انہیں اغوا کرنے کی کوشش کی گئی ۔ پولیس کے مطابق افغان سفیر نجیب اللہ کی بیٹی نے گھر واپسی کے لئے ایک ٹیکسی کو روکا وہ اس میں سوار ہوئیں تو اس دوران ایک شخص  آکر اچانک بیٹھ گیا ۔ اسی دوران دوسری جانب سے بھی ایک شخص اندر آکر بیٹھ گیا۔ دونوں نے ان پر تشدد کیا جس سے وہ بے ہوش ہوگئیں ۔ جب ان کی آنکھ کھلی تو وہ ایک جنگل میں تھیں ۔ پولیس ترجمان کےمطابق سفیر کی بیٹی نے اسی دوران راہگیروں سے دریافت کیا تو انہوں نے بتایا کہ یہ ایف سیون  کا علاقہ ہے ۔ خاتون کے بقول انہوں نے اپنے ایک عزیز کو فون کیا اور اس طرح وہ گھر واپس پہنچیں ۔

تفتیشی ادارے کے ذرائع کے مطابق سلسلہ علی مندوخیل کے بیانات میں ابہام ہے جس سے معاملہ مشکوک ہو گیا ہے ۔ ان کے بقول یہ واقعہ دوپہر دو بجے کے قریب پیش آیا  ہے جبکہ واقعے کی رپورٹ رات نو بجے کی گئی ۔ اسی طرح افغان سفارتخانے کے اہلکار کہیں جانے کے لئے متعلقہ تھانے کو آگاہ کرنے یا انتظامیہ کو بتانے کے پابند ہیں تاکہ ان  کو مناسب سکیورٹی دی جا سکے ۔ مگر خاتون نے آگاہ کیوں نہیں کیا؟ دوسرا یہ کہ سرکاری گاڑی کے باوجود وہ ٹیکسی پر سفر کیوں کر رہی تھیں ؟سکیورٹی حکام کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات ہوں گی ۔  متاثرہ خاتون کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔ اس ضمن میں بلیو ایریا سے جیو فینسنگ کرتے ہوئے کیمروں کا ریکارڈ حاصل کیا جارہا ہے ۔  ذرائع کے مطابق افغان دفتر خارجہ نے واقعے پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے ۔ افغانستان نے سفارتی عملے کی مکمل حفاظت پر زور دیا ہے ۔  یوں اسلام آباد میں افغان سفیر کی بیٹی کا اغوا اور تشدد، دوپٹے میں لپٹا خفیہ پیغام ایجنسیوں کے لئے چیلنج بن گیا  ہے ۔ ذرائع کے مطابق بظاہر اس واقعے میں ایجنسیاں ملوث نہیں ۔

پاکستانی دفتر خارجہ کا ردعمل

واقعے پر  پاکستانی دفتر خارجہ کا ردعمل سامنے آگیا ہے ۔ ترجمان کے مطابق افغان سفارتخانہ نے گزشتہ روز افغان سفیر کی بیٹی کے حوالے سے اطلاع دی۔ بتایا گیاکہ سفیر کی صاحبزادی پر گاڑی چلاتے ہوئے حملہ ہوا ۔واقعہ کی اطلاع کے فوری بعد اسلام آباد پولیس نے جامع تحقیقات کا آغاز کیا۔اس حوالے سے وزارت خارجہ اور تمام سکیورٹی ادارے افغان سفیر اور خاندان کے ساتھ رابطہ میں ہیں۔ ان کے خاندان کی سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔ اس قسم کے واقعات کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔