سینیٹ الیکشن میں کس کس نے رقم لی ؟وزیراعظم نام لینے سے گریزاں

وقت اشاعت :5مارچ2021

ندیم چشتی ، سپر لیڈ ، اسلام آباد۔ سینیٹ الیکشن میں کس کس نے رقم لی ؟وزیراعظم نام لینے سے گریزاں .. بلاول بھٹو اور مریم نواز نے  سوال اٹھا دیا۔ وزیراعظم نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ سب جانتےہیں ۔

سینیٹ الیکشن میں یوسف رضا گیلانی کی اسلام آباد کی جنرل نشست سے جیت تاحال حکومت کےلئے درد سر بنی ہوئی ہے ۔ مگر اہم سوال ہے وزیراعظم اپنے ارکان اسمبلی پر الزام کے بجائے اپوزیشن کو قصور وار کیوں  ٹھہرا رہے  ہیں؟

جمعرات کو  اس حوالے سے پی ڈی ایم خاصی متحرک رہی ۔ بلاول بھٹو اور مریم نواز کی اہم ملاقات ہوئی۔ آصف زرداری ، نوازشریف اور مولانا فضل الرحمان سے رابطےمیں رہے اور سیاسی صورتحال پر  بات کی ۔

مریم اور بلاول کی جانب سے وزیراعظم پر کڑی تنقید

اسی طرح پنجاب میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لئے بلاول بھٹو نے بھی حمزہ شہباز کو ٹیلی فون کیا اور تفصیلی مشاورت کی ۔ دوسری جانب مریم نواز اور بلاول کی ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں نے پریس کانفرنس کی اور عمران خان کو خوب آڑے ہاتھوں لیا۔

بلاول نے سوال اٹھایا کہ عمران خان اپنے  ارکان اسمبلی کا نام کیوں نہیں لے رہے ؟ وہ الزامات تو لگا رہےہیں مگر یہ بھی تو بتائیں کہ تحریک انصاف کے کن ارکان اسمبلی نے ووٹ کےلئے پیسے لئے ہیں ؟وزیراعظم دعویٰ کر رہے ہیں کہ اپوزیشن نے پیسے بانٹے مگر اپنے منحرف ارکان کو پارٹی سے کیوں نہیں نکال رہے ؟

مریم نواز اور بلاول بھٹو نے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں وزیراعظم کے بیانات کی مذمت کی ۔ فوٹو کریڈٹ:جیو نیوز

اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کی تقریر ایک ہارے ہوئے شخص کی تقریر تھی ۔ ناکامی کے بعد وزیراعظم رو پڑے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں پیسے نہیں ن لیگ کا ٹکٹ چلا ہے ۔ ارکان اسمبلی ن لیگ کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے کو بے تاب ہیں ۔

عمران خان ضمیر فروشوں کے نام کیوں نہیں لے رہے؟

آخر وزیراعظم پیسے بانٹنے کا الزام لگا کر اپنےارکان اسمبلی کے خلاف کارروائی سے کیوں ہچکچا رہے ہیں ؟

اس حوالے سے سپر لیڈ نیوزسے  گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کار غریدہ فاروقی نے کہا  عمران خان کیسے اپنے ہی ارکان کے خلاف ایکشن لے سکتے ہیں ؟ پارلیمنٹ میں آگے ہی نمبر گیم پوری کرنے کے جتن کرنا پڑ رہےہیں ۔ سینیٹ میں اپوزیشن کاپلڑا بھاری ہوگیا ہے ۔ ان حالات میں  اگر اپنے پندرہ بیس ارکان کو پارٹی سے نکال دیا تو قیامت آجائے گی ۔

یہ بھی پڑھیے : سینیٹ الیکشن میں بازی پلٹ گئی

حکمران جماعت کو شدید دھچکا لگے گا فارورڈ بلاک کے ارکان کی تعداد بڑھ سکتی ہے ۔  یقینی طور پر پی ٹی آئی کے سینئر رہنما عمران خان کو ٹھنڈا رکھنے کی کوشش کر رہے ہوں گے۔ انہوں نے کہا  کہ وزیراعظم اعتماد کے ووٹ یا بعد میں اپوزیشن کی دوبارہ تحریک عدم اعتماد  پر ووٹ حاصل نہیں کر پائیں گے ۔ ایسے میں اپنوں کے خلاف کارروائی مشکل نظرآرہی ہے ۔